جنوبی وزیرستان میں دو گروپوں میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک اور3 شدید زخمی ہوگئے۔
اعظم ورسک کے علاقے میں دو فریقین کے درمیان زمینی تنازع شدت اختیار کرگیا۔ دونوں گروہوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 5 افراد جاں بحق جبکہ3 شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق علاقہ اعظم ورسک میں زمین کے تنازع پر وزیر قبیلے کے دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک فریق کے 4 اور دوسرے فریق کا ایک شخص جاں بحق اور3 زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے خلاف جنوبی وزیرستان وانا کے آل پارٹی سیاسی اتحاد نے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں میں کافی عرصے سے زمین کا تنازع چل رہا ہے اور اس تنازع کے نتیجے میں اب تک متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔
پولیس حالات کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے۔ حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے ایف سی جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوگئی اور پولیس کی بھی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔