ایران کی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر جنرل غلام علی ابو حمزہ نے بیان جاری کرتے ہوئے امریکہ کو دھمکی دیدی ہے جس سے خطے میں جنگ کا خطرہ شدید ہو گیاہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنرل غلام علی ابو حمزہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے خطے میں 35اہداف چن رکھے ہیں ، تل ابیب بھی ایران کے ہدف میں ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں امریکی جنگی جہاز بھی ایرانی اہداف میں شامل ہیں ۔
واضح رہے دو روز قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی عراق میں امریکی راکٹ حملے میں ہلاک ہوئے تھے جس پر ایران کی جانب سے امریکا سے بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ٹویٹر اکاونٹ کے ذریعے دیے جانے والے پیغام میں ایران کو بڑی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے باون اہم مقامات امریکی نشانے پر ہیں، اگر ایران نے امریکی تنصیبات پر حملہ کیا تو اس کا جواب دیں گے، امریکی حملہ تیز ہوگا اور انتہائی شدت سے کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے لکھا کہ ایران امریکی تنصیبات پر حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے، ایران نے حملہ کیا تو اس کی تنصیبات پر حملہ کر دیں گے، ان جگہوں میں کچھ ایران اور ایرانی ثقافت کے لیے بہت اہم ہیں، امریکا مزید دھمکیاں سننا نہیں چاہتا۔