ان کے جنازے کا استقبال کرنے کیلیے ہزاروں سوگواراوراعلی سول و فوجی عہدیدار شریک تھے۔فائل فوٹو
ان کے جنازے کا استقبال کرنے کیلیے ہزاروں سوگواراوراعلی سول و فوجی عہدیدار شریک تھے۔فائل فوٹو

جنرل قاسم سلیمانی کی میت ایران پہنچادی گئی

امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی میت مغربی ایران کے شہراحواز پہنچادی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل سلیمانی کی میت کو مغربی ایران کے شہراحواز پہنچایا گیا ہے، ان کی اوران کے ساتھیوں کے جنازوں کا استقبال کرنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں سوگواروں اوراعلی سول و فوجی عہدیدار شریک تھے۔

ایران کے صوبہ خوزستان کے مرکزی شہر اہواز میں شہدا کی نماز جنازہ ہوگی،ظہرکے بعد مشہد مقدس میں امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک میں جنرل سلیمانی کی نماز جنازہ ہوگی۔

بعد ازاں دارالحکومت تہران، قم المقدس اورکرمان میں بھی جنرل قاسم سلیمانی سمیت دیگر شہدا کی نماز جنازہ پڑھائی جائے گی۔

اس سے قبل گذشتہ روز جنرل سلیمانی اور دیگر شہدا کے جنازوں کی کاظمین اور بغداد کے بعد کربلائے معلی میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

دو روز قبل عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر امریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس بھی ہلاک ہوئے تھے۔