امریکی بیس کمانڈر کی جانب سے کویتی وزیردفاع کو کوئی خط نہیں لکھا گیا تھا۔فائل فوٹو
امریکی بیس کمانڈر کی جانب سے کویتی وزیردفاع کو کوئی خط نہیں لکھا گیا تھا۔فائل فوٹو

امریکا کی کویت سے فوج نکالنے کی خبر جھوٹ نکلی

انتہائی کشیدگی کے درمیان امریکی فوج کے کویت سے انخلا سے متعلق  اصل حقائق سامنے آگئے۔امریکی بیس کمانڈر کی جانب سے کویتی وزیردفاع کو کوئی خط نہیں لکھا گیا تھا بلکہ یہ جعلی خبر کویت کے سرکاری ٹویٹر اکائونٹ کو ہیک کرکے جاری کی گئی۔

اس سے قبل برطانوی خبررساں ادارے رائٹرزنے  کویت حکومت کے سرکاری ٹویٹراکائونٹ پر جاری ہونے والے  بیان کو نقل کیا تھا کہ کویتی وزیر دفاع  کو امریکی بیس کمانڈر کا ایک خط موصول ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کویت میں واقع اپنے عارفجان کیمپ سے تمام امریکی فوجیوں کو فی الفور واپس بلارہاہے۔

خط کے مطابق آئندہ تین روز میں کویت میں موجود فوجیوں کاانخلا مکمل کرلیاجائے گا۔ جبکہ کویتی وزیردفاع نے کہا ہے کہ یہ خط انتہائی غیر متوقع ہے اور وہ امریکی حکام سے رابطہ کررہے ہیں۔

یہ خبر انتہائی کشیدگی کے دوران انتہائی غیر متوقع تھی اس لیے بڑے پیمانے پر ہلچل مچ گئی تھی تاہم تھوڑی ہی دیر بعد کویت کے سرکاری سوشل میڈیا اکائونٹ پرسے اس خبر کو ہٹا دیا گیا ہے اورکویت کے سرکاری ٹویٹر ہینڈل کے مطابق ان کا ٹویٹر اکاونٹ ہیک کرلیاگیاتھا۔