ایران اورامریکہ کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظراب آسٹریلیا بھی میدان میں آ گیاہے ، آسٹریلین وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ آسٹریلیا کے فوجی اورعملہ عراق میں ٹھہرتے ہوئے اپنا مشن جاری رکھیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کا نیول ویزل (جنگی جہاز) پلان کے مطابق آبنائے ہرمزاسی ہفتے جائے گا تاکہ علاقے میں مال برادر جہازوں کی نقل و حرکت کو محفوظ بنانے میں مدد فراہم کی جا سکے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزایران نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیتے ہوئے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بلیسٹک میزائلوں سے حملہ کیا اوردعویٰ کیا کہ حملہ کامیاب رہا جس میں80 افراد مارے گئے ہیں اور امریکہ کو جانی کے ساتھ جنگی سازو سامان کی تباہی کا بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔