اتحادی جماعت ایم کیوایم کو منانے کےلیے پی ٹی آئی کا وفد متحدہ کے عارضی مرکز بہادر آباد پہنچ گیا۔پی ٹی آئی وفد کی سربراہی وفاقی وزیر اسد عمر کررہے ہیں ،حکومتی وفد میں خرم شیرزمان ،فردوس شمیم نقوی اورحلیم عادل شیخ شامل ہیں۔
وفاقی وزیراسد عمرنے گفتگو کے دوران پہلا جملہ یہ کہا کہ خالد بھائی آپ کیوں ناراض ہوگئے اب ناراضی ختم کریں،معاملات الگ ہونے سے نہیں بات چیت کے ذریعے حل ہوں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ ہمیشہ تسلیم کیا کہ ایم کیوایم کے مطالبات درست ہیں ۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اسدبھائی ملاقات اور بات چیت پہلے بھی ہوئی مگرنتیجہ نہیں نکلا،ہمیں بات چیت نہیں نتیجہ چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے وعدے پورے نہ ہونے کا الزام لگاکر کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
خالد مقبول صدیقی کی کابینہ سے علیحدگی کے اعلان کے بعد وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اوران کے مطالبات کو جائزقراردیا تھا۔