بھارتی ریاست اڑیشہ کے ضلع کٹک میں جمعرات کی صبح سلاگاؤں کے نزدیک لوک مانیہ تلک ایکسپریس کو پیچھے سے آنے والے ایک مال گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے ٹرین کے آٹھ ڈبے پٹری سے اترگئے۔ حادثہ میں 40 مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جن میں سے 6 کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
مشرقی ساحل ریلوے (ای سی او آر ) تعلقات عامہ کے افسر جے پی مشرا نے میڈیا کو بتایا یہ حادثہ سلاگاؤں اور نرگنڈی کے درمیان دھند کی وجہ سے صبح تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ مال بردار ٹرین کے گارڈ وین سے ٹکرانے کی وجہ سے لوک مانیہ تلک ایكسپریس كے 8 ڈبے پٹری سے اترگئے۔
ریلوے کے سینئر حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں کسی بھی مسافرکی جان نہیں گئی اور تمام زخمی مسافروں کو مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ انهوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر دھند کی وجہ سے امدادی کاموں میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔