وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے رویے کا نوٹس لیتے ہوئے ان پر ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ دنوں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فیصل واوڈا سے وضاحت بھی طلب کی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردو عاشق اعوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹرپرجاری پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں ان کے رویے پروضاحت طلب کرتے ہوئے ان کی کسی بھی ٹاک شو پرآئندہ دو ہفتوں کیلیے شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں ان کے رویے پر وضاحت طلب کر لی۔وزیراعظم نے فیصل واڈا کی کسی بھی ٹاک شو پر آئندہ دو ہفتوں کیلئے شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) January 16, 2020
اس پر رد عمل دیتے ہوئے اینکر پرسن روف کلاسرا نے کہا کہ جس وزیر کو برطرف ہونا چاہیے تھا کہ پوری قوم کے سامنے لائیو بوٹ رکھ دیا اورادارے کی ساکھ پر سوالات اٹھوا دیے اسے دو ہفتے کے لیے بین کرنا مذاق اور اسے بچانے کی کوشش ہے۔ویسے اس میڈیا پر بھی تین حرف بھیج دیں جو ایسے وزیر کو دو ہفتے بعد بلا کر ملک اور قوم کے لیے مشورے مانگے گا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں فیصل واوڈا بطور مہمان شریک ہوئے جہاں وہ اپنے ساتھ ’بوٹ‘ لے آئے۔
اس ٹاک شو میں ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ (ن) کے جاوید عباسی بھی شریک تھےجو پروگرام چھوڑکرچلے گئے تھے۔
اس موقع پرانہوں نے کہا تھا کہ ن لیگ نے لیٹ کر بوٹ کوعزت دی ہے، بوٹ کو چوم کرعزت دی ہے۔