حکومت اور اپوزیشن میں چیف الیکشن کمشنراورالیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے ناموں پراتفاق ہوگیا۔
الیکشن کمیشن ممبران و چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے چیئرپرسن شیریں مزاری کی زیر صدارت حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
چیئرپرسن شیریں مزاری نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سکندر سلطان راجہ نئے چیف الیکشن کمشنر ہوں گے، نثار درانی الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ اور شاہ محمد جتوئی الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان ہونگے۔
سکندر سلطان راجہ سابق بیورو کریٹ ہیں اور مختلف حکومتوں میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر، سیکریٹری پیٹرولیم اور ریلویز کے اہم ترین عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
دونوں صوبوں کے الیکشن کمیشن ارکان 26 جنوری 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے اور آئین کے مطابق 45 روز کے اندر ممبران کی تقرری ضروری ہے لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات کی وجہ سے ایک سال بعد یہ تقرریاں عمل میں آئی ہیں۔
دونوں ارکان کی ریٹائرمنٹ کے بعد حکومت اور اپوزیشن میں کئی بار مذاکرات ہوئے لیکن کسی نام پر اتفاق نہ ہوسکا جس پر وفاقی حکومت نے یک طرفہ طور پر اگست میں سندھ سے خالد محمود صدیقی اور بلوچستان سے منیر احمد کاکڑ کا تقررکیا تھا لیکن اپوزیشن نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
اس پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے بھی نئے ممبران کی تقرری کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نئے ممبران سے حلف لینے سے انکارکردیا تھا۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن ممبران و چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے حکومت اوراپوزیشن کے درمیان اسپیکر آفس میں مذاکرات ہوئے۔ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 افراد ناصر کھوسہ،اخلاق تارڑاورعرفان قادر کے نام پیش کیے جبکہ حکومت نے جمیل احمد، فضل عباس میکن اورسکندر سلطان راجہ کے نام پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنراورالیکشن کمیشن ممبران کے نام فائنل ہوگئے۔چیف الیکشن کمشنرکے لیے حکومت کے تجویزکردہ سکندر سلطان راجہ کے نام پراتفاق ہوگیا۔
بلوچستان اور سندھ سے کمیشن کے ارکان کے لیے اپوزیشن کے تجویز کردہ نام طے ہوگئے ہیں۔ ممبر سندھ کے لیے نثار درانی اور ممبر بلوچستان کے لیے شاہ محمد جتوئی کے نام پراتفاق ہوگیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد پارلیمانی کمیٹی کل اعلان کریگی۔ اپوزیشن نے کہا ہے کہ کل ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی اور فیصلے کا اعلان پارلیمانی کمیٹی میں کیا جائیگا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ آج ہم نے 95 فیصد پیشرفت کر لی، اب چیف الیکشن کمشنر کے لیے 6 نام زیرغور ہیں، امید ہے کل ان میں سے کسی ایک نام پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔
قبل ازیں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کے تقررکیلیے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر ناصر کھوسہ،اخلاق تارڑ اور عرفان قادر کے نام تجویز کیے تھے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی چیف الیکشن کمشنرکے لیے 3 نئے نام تجویزکیے تھے جن میں جمیل احمد، فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجہ شامل ہیں۔