بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے جس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر50 رنزبنا لیے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے 142 رنزکے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم صفر کے مجموعی اسکور پر ہی پویلین لوٹ گئے وہ شفیع الاسلام کی گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے لٹن داس کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد ڈیبیو کرنے والے احسان علی اور تجربہ کار سینئرآل راﺅنڈر محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 35 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر محمد حفیظ 17 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر امین الاسلام کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تمیم اقبال اور محمد نعیم نے درست کر دکھایا اور اپنی ٹیم کو 71 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر تمیم اقبال شاداب خان کی گیند پر ڈبل لیتے ہوئے رن آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے39 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلہ دیش کے پراعتماد آغازکے بعد یکے بعد دیگرے تین کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے جس کے باعث بڑا ہدف دینے کی جانب بڑھتے قدم بھی سست پڑ گئے۔ مہمان ٹیم کی دوسری وکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر گری اور لٹن داس بھی 12 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے جنہوں نے اپنی ہی گیند پرتھروکرکے انہیں رن آﺅٹ کیا۔
بنگال ٹائیگرزکی تیسری وکٹ بھی 98 کے مجموعی اسکور پرگری اور محمد نعیم 43 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پرافتخاراحمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے حارث رﺅف نے 119 کے مجموعی اسکور پرعفیف حسین کو 9 کے انفرادی اسکور پرکلین بولڈ کر دیا۔
بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ 128 کے مجموعی سکورپر گری اور سومیا سرکار7 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ کپتان محمود اللہ نے 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد میتھون نے 5 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے حارث رﺅف نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باﺅلر محمد حسنین اور شاہین آفریدی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے جبکہ عماد وسیم اور شعیب ملک بھی کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
واضح رہے کہ میچ کیلیے پاکستانی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد رضوان، شاداب خان، حارث رﺅف، شاہین آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔
بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت محمود اللہ کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، محمد نعیم، عفیف حسین، لٹن داس، سومیا سرکار، محمد میتھون، امین الاسلام، شفیع الاسلام، مستفیض الرحمان اور الامین حسین شامل ہیں۔