پاکستان 262پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔فائل فوٹو
پاکستان 262پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔فائل فوٹو

پہلا ٹی 20۔پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان نے تین ٹی20 میچز سیریزکے پہلے میچ کے دوران بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا اور سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش کے کپتان محموداللہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اورمقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔

بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے ٹیم کو71 رنزکاعمدہ آغازفراہم کیا، تمیم اقبال 39 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد آنے والے بلے باز لٹن داس بھی 12 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جب کہ محمد نعیم 43 رنزکی اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔

کپتان محمد اللہ نے عفیف حسین کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن عفیف کو حارث رؤف نے بولڈ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا پہلا شکار کیا۔ سومیا سرکار 7 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے، کپتان محمد اللہ 19 رنز پرناٹ آؤٹ رہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلا دیش کی طرف سے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 142 رنزکے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور احسان علی نے کیا۔ گرین شرٹس کا آغاز مایوس کن اس وقت ثابت ہوا جب کپتان پہلے اوور کی دوسری گیند پر صفر رنز پر شفیع الاسلام کی گیند پر لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے۔

قومی ٹیم کو دوسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں اُٹھانا پڑا جب سینئر بیٹسمین 16 گیندوں پر 17 رنز بنا کر مستفیض الرحمن کی گیند امین الاسلام کو کیچ دے بیٹھے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو تیسرا نقصان احسان علی کی شکل میں اُٹھانا پڑا، ڈیبیو کرنے والے بیٹسمین 32 گیندوں پر36 رنز بنا کرامین الاسلام کا شکار بن گئے۔ نجم الحسین شانتو نے کیچ تھاما۔ چوتھی وکٹ افتخار احمد کی گری، بیٹسمین 13 گیندوں پر 16 رنز بنا کر چلتے بنے۔ امین الاسلام نے وکٹ حاصل کی۔

18.1 اوورز میں 133 رنز پر پانچویں وکٹ گری۔ عماد وسیم 6 رنز بنا کرالاامین حسین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ قومی ٹیم نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کیا،پاکستان کی طرف سینئر بیٹسمین اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے فتح گر اننگز کھیلی، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔رضوان نے 5 رنز بنائے۔

واضح رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پاکستان میں آخری میچ 20 اپریل 2008 کو کراچی میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان کو 102 رنز سے فتح ملی، اب 11 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد پاکستان ایک بار پھر ہوم گراؤنڈ پر میزبانی کے فرائض انجا م دے رہا ہے۔