امریکی شہر ہوسٹن میں ایک فیکٹری میں دھماکے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہر ہوسٹن کے شمالی علاقے میں زوردار دھماکے سے شہر گونج اُٹھا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتوں کے کھڑکیوں کے شیشے اور دروازے تک ٹوٹ گئے جب کہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی ، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آدھا میل دور تک کا علاقہ لرزگیا۔
I have video from cam mounted on our window. Gessner and Clay facing north.
— Joey Charpentier (@BattleNub19) January 24, 2020
پولیس نے دھماکے سے دہشتگردی کے امکان کو خارج از امکان قرار دیا ہے تاہم دھماکے کی نوعیت کے بارے میں پتا نہیں چلایا جاسکا۔ فیکٹری میں آگ پر قابو پانے کیلیے آس پاس کے شہروں سے بھی فائر بریگیڈ کی خصوصی گاڑیاں منگوالی گئی ہیں۔
آگ کیمیکل فیکٹری میں لگی ہوئی ہے اس لیے اس پر پانی یا فوم کے ذریعے قابو پانے میں مشکلات پیش آئیں گی اسی لیے دوسرے شہروں سے خصوصی گاڑیاں منگوائی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے جسے قریبی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے تاہم امریکی میڈیا کے مطابق 4 سے 5 زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہو سکا تاہم واسٹن گرینڈنگ اینڈ مینوفیکچرنگ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر انکشاف کیا ہے کہ دھماکا ان کی فیکٹری میں ہوا ہے جہاں مشینوں کے پرزہ جات بنائے جاتے ہیں۔
غالب امکان ہے کہ دھماکا فیکٹری میں موجود کیمیکل پروپائلین کے ٹینک میں ہوا، یہ آتش گیر کیمیکل ہے جو فوراً آگ پکڑ لیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی ہے۔ تاحال صرف ایک زخمی کو اسپتال لایا گیا ہے۔