پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچزکی سیریزکے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو ہرا کرسیریزجیت لی۔ کپتان بابراعظم اور محمد حفیظ نے شاندار نصف سنچریاں بنائیں۔ سیریز میں قومی ٹیم نے 0-2 سے برتری حاصل کرلی۔
بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ بنگال ٹائیگر کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا مگر محمد نعیم بڑا سکور نہ بناسکے اور بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، انہیں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
بنگال ٹائیگر کی دوسری وکٹ 22 رنز کے مجموعی سکور پر گری، مہدی حسن 9 رنز بناکر ہی ہمت ہار بیٹھے، بنگالی بلے باز محمد حسنین کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
تمیم اقبال اور لٹن داس نے تیسری وکٹ میں 21 رنز کی شراکت قائم کی، مگر لٹن داس بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹہر نہ سکے اور 8 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، اس کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز عفف حسین تھے جو محمد حسنین کی گیند کا شکار بنے۔
بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 2، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز مایوس کن تھا، بابر اعظم اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا تو نوجوان بیٹسمین احسان علی سات گیندوں کھیلنے کے بعد صفر پر شفیع الاسلام کی گیند پر حریف کپتان محمود اللہ کو کیچ دے بیٹھے۔
بابر اعظم اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اچھی اننگز کھیلی، حفیظ نے 39 گیندوں پر ففٹی بنائی جبکہ کپتان نے 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔
قومی ٹیم نے ہدف 17 اوورز میں حاصل کر لیا۔ کپتان بابر اعظم 66جبکہ محمد حفیظ 67رنز بنائے۔ مہمان باؤلر صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
میچ کی خاص بات یہ بھی تھی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قذافی سٹیڈیم پہنچ کر میچ دیکھا، چیئرمین بنگلا دیش کرکٹ نظم الحسن اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔