کوبی دو مرتبہ اولمپک چیمپئین جبکہ پانچ مرتبہ نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے چیمپئین بنے۔فائل فوٹو
کوبی دو مرتبہ اولمپک چیمپئین جبکہ پانچ مرتبہ نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے چیمپئین بنے۔فائل فوٹو

امریکا کے باسکٹ بال کے لیجنڈ کھلاڑی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

امریکا کے باسکٹ بال کے لیجنڈ  کھلاڑی کوبی برائینٹ اوران کی 13 سالہ بیٹی گیانا برائینٹ کیلی فورنیا میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے ۔

امریکی میڈیا کے مطابق کوبی اپنی بیٹی سمیت نو افراد کے ہمراہ نجی ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہے تھے۔ ہیلی کاپٹر میں اس وقت آگ بھڑکی جب وہ کلاباسس شہر کے اوپر سے گزر رہا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں پائلٹ سمیت نو افراد ہلاک ہو گئے جن میں نجی کالج کے بیس بال کوچ، ان کی اہلیہ اور بیٹی بھی شامل ہیں۔

لاس اینجلس کاؤنٹی حکام نے بتایا ہے کہ لاشوں کو تلاش کرنے میں کئی دن کا وقت لگ سکتے ہے کیونکہ ہیلی کاپٹر ایک کھردرے علاقے میں گرکر تباہ ہوا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر کے نیچے گرنے سے پہلے انجن کی زوردار آواز سنی گئی تھی تاہم حادثے میں زمین پر موجود آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔

اس افسوسناک حادثے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے ملی، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہے۔

باسکٹ بال لیجنڈ 17 سال کی کم عمر میں ہائی اسکول سے این بی اے سرکٹ میں داخل ہوئے۔ سال 2001 میں وہ ونیسہ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے، ان کی چار بیٹیاں ہیں۔

سال 2008 میں برائینٹ کو این بی اے (نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن) کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے پاس این بی اے میں دو بار بہترین اسکورنگ کرنے کا اعزاز بھی موجود ہے۔

کوبی دو مرتبہ اولمپک چیمپئین جبکہ پانچ مرتبہ نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے چیمپئین بنے۔

لیکرز لیجنڈ نے اپنے پورے 20 سالہ کرئیر کے دوران لاس اینجلس لیکرز کی جانب سے ہی کھیلا جس کے بعد وہ اپریل 2016 میں ریٹائر ہو گئے۔

کوبی نے پانچ منٹ پر مشتمل بہترین شارٹ اینیمیٹڈ فلم “ڈیئر باسکٹ بال” پر آسکر ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ یہ فلم ان کی جانب سے سال 2015 میں کھیل کے لیے لکھے گئے ایک خط پر مبنی تھی۔

لیجنڈ کھلاڑی کی موت کی خبر نے امریکہ سمیت دنیا بھر میں موجود باسکٹ بال کے مداحوں کو رنجیدہ کر دیا، مداحوں کی جانب سے مختلف طریقوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

کوبی برائنٹ کی ہلاکت کی خبر سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی ہے۔ ان کی موت کی خبر پر نامور شخصیات کی جانب سے بھی رد عمل سامنے آیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے تعزیت کی اور کوبی برائنیٹ کی ہلاکت کو افسوسناک خبر قراردیا۔