جی ڈی اے کی جانب سےآئی جی سندھ کی تبدیلی پراعتراض کیا گیا تھا۔فائل فوٹو
جی ڈی اے کی جانب سےآئی جی سندھ کی تبدیلی پراعتراض کیا گیا تھا۔فائل فوٹو

وفاقی کابینہ نے آئی جی سندھ کے تبادلے کی منظوری مؤخر کر دی

وفاقی کابینہ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ کے تبادلے کی منظوری مؤخرکرتے ہوئے معاملہ گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کے سپرد کردیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں وزیراعظم نے مشتاق مہر کی تعیناتی کا گرین سگنل دیا تھا جس کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری ہونا تھا تاہم اب کابینہ نے آئی جی سندھ کی منظوری مؤخر کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے فیصلہ کیا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ مل بیٹھ کرآئی جی کا معاملہ حل کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد میں شامل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سےآئی جی سندھ کی تبدیلی پراعتراض کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی اراکین سندھ نے بھی آئی جی سندھ کے معاملے پرتحفظات کا اظہارکیا گیا جس کے بعد اراکین کے اعتراض پرگورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ سیّد مراد علی شاہ میں مزید مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 15 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا گیا، متعدد نکات کی منظوری دی گئی، وفاقی کابینہ میں اسلحہ لائسنس کے اجرا کے لیے قواعد و ضوابط کا بھی جائزہ لیا گیا،50 لاکھ گھروں کے معاملے پر معاہدے پر دستخط کا معاملہ موخر کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے انرجی کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے، وفاقی کابینہ نے اوگرا کے وائس چیرمین کے عہدے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ادارہ جاتی اصلاحات پر ہونیوالی پیشرفت کی رپورٹ بھی پیش کردی گئی، بچوں کے حقوق کیلیے نیشنل کمیشن بنانے کی منظوری دے دی گئی، وفاقی حکومت کی جگہ متعلقہ اتھارٹی لکھنے کی قواعد کی منظوری دے دی گئی۔

دوسری طرف کابینہ اجلاس کے دوران صدر اور وزیراعظم کے کیمپ آفسز بنانے کا اختیار ختم کرنے کے لیے قانون میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے اسلحہ لائسنس کے اجراء سے متعلق پاکستان آرمز ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی۔