جنگ میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوتی، انسانیت ہارتی ہے۔فائل فوٹو
جنگ میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوتی، انسانیت ہارتی ہے۔فائل فوٹو

بھارت کو بتا دیا!جنگ شروع کی تو ختم ہم کریں گے۔پاک فوج

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے دس روز میں پاکستان کو ختم کرنے کی بھارتی گیدڑ بھبھکی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ بات صرف سات سے دس دن کی نہیں اس سے پہلے اوربعد کی بھی ہے،بھارتی حکومت اور ملٹری قیادت غیر ذمے دارانہ بیانات دے رہے ہیں، جو فوج 80 کشمیریوں کو 71سال سے شکست نہیں دے سکی وہ207 ملین پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتی ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اور ملٹری لیڈرشپ غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں۔ بھارت 8 ملین کشمیریوں کو شکست نہ دے سکا، 207 ملین پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتا ہے؟

ان کا کہناتھا کہ جنگ میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوتی، انسانیت ہارتی ہے، مسلط شدہ جنگ کا بھرپور جواب دیں گے۔ انڈین لیڈر شپ کہتی ہے 7-10دن میں پاکستان کو ختم کر دیں گے۔ پاکستان اور افواجِ پاکستان ہمیشہ آپ کو حیران کریں گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنگ شروع آپ کریں گے اور ختم ہم کریں گے۔ پاکستانی سول و ملٹری لیڈر شپ خطے میں امن کی خواہاں ہے۔ انڈین سول ملٹری لیڈر شپ کو بھی خطے میں امن کی اہمیت کا ندازہ ہونا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ  افواج اسلحے کے زور پر نہیں، جذبہ ایمانی اور عوام کی حمایت سے لڑتی ہیں۔ ذمہ دارافراد بھارتی وزیراعظم جیسے بیانات نہیں دیتے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ  بھارتی لیڈر شپ کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کو بند کریں کیوں کہ وہاں لگی آگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے اور دُنیا کو بھی اس خطرے کا ادراک ہونا چاہیے۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فروری 2019ء میں بھارت جنگ کی دستک دے چکا تھا تاہم افواج پاکستان کے موثر جواب نے امن کا راستہ ہموار کیا۔ خطے میں امن کیلیے آرمی چیف کے تاریخی اقدامات رہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی حکمت عملی نے جنوبی ایشیا کو بڑی تباہی سے بچایا۔