مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں جموں کے علاقے میں فائرنگ کرکے3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے ضلع نگروٹا کے علاقے میں جموں سرینگر ہائی وے پر بین ٹول پلازہ کے قریب شہید کیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی فورسز نے شاہراہ بین ٹول پلازہ پر سری نگرجانے والے ٹرک کو روک کراس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین نوجوان شہید ہوگئے۔
بھارتی فورسز نے ٹرک ڈرائیور سمیت دو افراد کو گرفتارکرلیا اورعلاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
اسی علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک بھارتی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا ہے۔ نوجوانوں کی شہادت کے بعد بھارتی پولیس نے جموں سری نگر ہائی وے کو بند کردیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، پلوامہ، شوپیاں، اسلام آباد، کولگام، کشتواڑ، رامبان، راجوری اور پونچھ اضلاع کے متعدد علاقوں میں محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔