چین میں کے صوبے ہبوئی میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد اب ایک اور صوبے ہونان میں برڈ فلو نے حملہ کردیا۔
چین میں حکام پہلے ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات میں مصروف ہیں ایسے میں برڈ فلو بھی سامنے آ گیا ہے۔خبروں کے مطابق چین کی وزارت برائے زراعت اور دیہی ترقی نے اعلان کیا ہے کہ ایچ فائیو این ون نامی برڈ فلو وائرس جنوبی صوبے ہونان میں ایک فرم میں پایا گیا ہے۔
جس فرم میں یہ وائرس پایا گیا ہے وہاں آٹھ ہزار سے زائد مرغیاں تھیں جن میں سے آدھی اس وائرس سے پہلے ہی مر چکی تھیں۔ باقی مرغیوں کو بھی تلف کرنے کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چین واحد ملک نہیں جو برڈ فلو کے اس وائرس کے انسداد کی کوششوں میں مصروف ہے۔گزشتہ ماہ بھارت میں انتظامیہ نے بڑی تعداد میں مرغیوں اورانڈوں کو تلف کیا تھا کیوں کہ ان میں برڈ فلو پایا گیا تھا۔
اس سے قبل این فائیو ایچ ایٹ برڈ فلو وائرس نے مشرقی یورپ کے ممالک میں حملہ کیا تھا۔چین میں 2013 میں برڈ فلو کی وبا بڑے پیمانے پر سامنے آئی تھی۔ اقوام متحدہ کے معاشی ماہرین کے مطابق اس وقت وبا سے چھ ارب 50 کروڑ ڈالرزکا نقصان ہوا تھا۔