چین میں کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر ہندوستان نے چین کے لیے ویزا قواعد میں مزید سختی کردی ہے اور چین کے لیے تمام ویزے منسوخ کردیے۔ ہندوستان نے 2 فروری کو چین کا سفرکرنے والوں اور چین میں مقیم بیرونی افراد کے لیے ای ویزا کی سہولت معطل کردی تھی۔
چین کے شہر دوہان میں کرونا وائرس کی وبا پھوٹ پڑی ہے جس کے نتیجہ میں فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 425 ہوگئی ہے جن میں 64 افراد کی پیر کو موت واقع ہوئی ہے۔ چینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
ہندوستان میں ریگولر یا ای ویزا کے ساتھ مقیم ایسے افراد جو 15 جنوری کے بعد چین سے سفرکرکے آئےہیں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بھارتی وزارت صحت و خاندانی بہبود سے ہاٹ لائن نمبر91-11-2397 پر رابطہ کریں۔
بیجنگ میں ہندوستانی سفارت خانہ کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا یہ بھی وضاحت کی گئی ہے موجودہ ویزے کارگر نہیں ہوں گے۔
ہندوستان کا سفر کرنے کے خواہشمند افراد سے درخواست کی گئی ہے کہ بیجنگ میں ہندوستانی سفارت خانہ سے رابطہ کریں یا شنگھائی میں قونصل خانہ سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے جہاں ہندوستان کے لیے نئے ویزا کی درخواست دی جاسکتی ہے۔
مہلک کرونا وائرس 25 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے جن میں ہندوستان بھی شامل ہے جہاں تاحال کرونا وائرس کے تین کیس مثبت پائے گئے ہیں جن کا تعلق کیرالا سے ہے۔ یہ تینوں مریض چین کے شہر ووہان سے ہندوستان واپس ہوئے ہیں۔
اس وقت 647 ہندوستانی شہری جن کا ووہان اور ہوبئی شہر سے انخلا کروادیا گیا ہے وہ دہلی کے قریب اسپتال میں 14 دنوں کے لیے طبی نگرانی میں ہیں۔