پاکستان کبڈی فیڈریشن اور حکومت پنجاب کے تعاون سے منعقدہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ءمیں شرکت کیلیے بھارت ،جرمنی، ایران اورآذربائیجان کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئی ہیں۔
اسپورٹس بورڈ پنجاب کے حکام نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تینوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ دیگرغیرملکی ٹیمیں بھی آج ہی لاہور پہنچیں گی۔بھارتی کبڈی ٹیم واہگہ بارڈرکے ذریعے لاہور پہنچی۔
کبڈی ورلڈ کپ کل سے شروع ہوگا،ایونٹ میں پاکستان ،بھارت،جرمن،آذربائیجان سمیت10 ملکوں کی ٹیمیں شرکت کریں گے،کبڈی ورلڈکپ کے میچ لاہور،فیصل آباداورگوجرانوالہ میں کھیلے جائیں گے،اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ءمیں حصہ لینے والی غیرملکی ٹیموں کو بہترین سہولتیں دیں گے، کبڈی شائقین کو شاندار کبڈی دیکھنے کو ملے گی جنہیں وہ مدتوں یاد رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں دنیا بھر کی 10 بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گی اور پرزور مقابلے ہوں گے، پنجاب کے کھیل کبڈی کو فروغ دینے میں کبڈی ورلڈ کپ سنگ میل ثابت ہوگا، کبڈی ورلڈ کپ کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔
واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ 2020ءکے 14 مقابلے پنجاب اسٹیڈیم لاہور، 8 مقابلے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد جبکہ 2 مقابلے ظہورالٰہی اسٹیڈیم گجرات میں ہوں گے، کبڈی ورلڈ کپ 9 سے 16 فروری تک منعقد ہوگا، 9 فروری کو پنجاب اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔