افغانستان میں ایک مقامی فوجی اہلکارنے امریکی فوجیوں پر مشین گن سے فائرنگ کردی، گولیوں کی بوچھاڑ سے دو امریکی فوجی ہلاک جبکہ6 زخمی ہوگئے۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق واقعہ افغان صوبہ ننگر ہار میں پیش آیا جہاں ایک افغان فوجی وردی میں ملبوس اہلکارنے امریکی فوجی اڈے پر فائرنگ کرکے دو فوجیوں کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی کردیا۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی وافغان فوجی ایک مشترکہ مشن پرکام کررہے تھے۔
امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے اوراس سے جڑے ہر پہلو کو سامنے لانے کیلیے تحقیقات کررہے ہیں۔امریکی بیان سے پہلے افغانستان کے ایک سینئرافسرنے بتایا تھا کہ امریکی اورافغان فوجیوں میں جھگڑا ہوا ہے جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ افغان فوجیوں کی جانب سے امریکی فوجیوں پر حملہ کوئی پہلی بات نہیں،اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔ حکام ان حملوں کو اندرونی حملہ یا گرین آن بلو جیسے ناموں سے پکارتے ہیں۔
ننگرہارکے کئی حصوں پر شدت پسند تنظیم داعش قابض ہے اور یہاں سے ہی افغانستان خصوصا کابل میں موجود غیر ملکی فوجیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔