ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری کیا گیا مشرق وسطیٰ کے حوالے سے بنایاگیا متنازع منصوبہ کسی کام نہیں آئے گا اورامریکی صدر ٹرمپ کے مرنے سے پہلے ہی مرجائے گا۔
پانچ فروری کوایران کے سرکاری ٹی وی پر دکھائی گئی تقریر میں ایران کے سپریم لیڈرنے کہا کہ امریکا کا یہ منصوبہ کسی صورت کارآمد ثابت نہیں ہوگااور ٹرمپ سے پہلے ختم ہوجائے گا۔امریکا نے یہودیوں کے ساتھ اس معاملے پرمذاکرات کیے ہیں جن سے ان کا کوئی تعلق ہی نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طویل انتظارکے بعد اپنا’ مڈل ایسٹ پلان‘نامی ایک منصوبہ جاری کیا ہے جس میں فلسطینیوں کے حقوق کو بری طرح مسخ کیاگیاہے۔
اقوام متحدہ جن بستیوں کو غیرقانونی کہتی ہے انہیں امریکی منصوبے میں جائزکہا گیاہے، فلسطینیوں کو بیت المقدس سے مکمل محروم کیاگیا ہے۔
امریکی منصوبے کو تمام عرب ممالک اور بیشتر مغربی ممالک نے نہ صرف مسترد کردیا ہے بلکہ اس کی مذمت بھی کی ہے۔ جبکہ فلسطینی صدر کہتے ہیں کہ وہ کسی بھی صورت فلسطین کو فروخت نہیں ہونے دیں گے۔