بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے معذرت کرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایک کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین نے کہا ہے کیونکہ ان کی ٹیم نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تیاری نہیں کی اس لئے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے معذرت کرلی۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق شائقین کی دلچسپی بڑھانے کیلیے کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تجویز پیش کی گئی تھی لیکن بنگلہ دیشی ٹیم اس کیلیے تیار نہیں لہٰذا اپریل میں روایتی انداز میں ڈے میچ کھیلا جائے گا۔
خیال رہے گزشتہ سال نومبر میں بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف کولکتہ میں اپنا پہلاڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یاد رہے پاکستان نے نوجوان گیند باز نسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک ، بابراعظم اورشان مسعود کی سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں باآسانی ایک اننگزاور44 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی تھی۔اس کے ساتھ ہی دو میچوں پر مشتمل سیریز میں گرین شرٹس نے 0-1کی سبقت حاصل کرلی تھی۔