وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ میری ذاتی رائے میں مولانا فضل الرحمن پرآرٹیکل 6 نہیں لگنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن اس بار اسلام آباد آئے تو نقص امن کے تحت انہیں دھرلیا جائےگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی سے متعلق سوال پران کا کہنا تھا کہ بلاول سے میری دل لگی ہے، ان کے ابھی کھیلنے کے دن ہیں، وہ گرفتار نہیں ہوں گے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ شہباز شریف میری پارٹی کے ہیں، وہ مارچ میں آنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور جب آئیں گے تو ہم گڈی گڈی کھیلیں گے, لیکن میں نے انہیں پیغام پہنچایا ہے کہ ابھی نہ آئیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کہیں بھی جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیں اور نہ ہی ان کی کوئی فائل ہے. سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان فائلوں کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے.
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کوئی تحریک چلانے نہیں جا رہی, سیکیورٹی ادارے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں پانچ سال مکمل کرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لاہوراور گوجرانوالہ کے درمیان شٹل ٹرین کا آغاز کر رہے ہیں، کراچی سرکلر ریلوے کا وزیراعلیٰ سندھ سے مل کر حل نکالیں گے اس میں بہت سی رکاوٹیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے پانچ سال میں ریلوے کا خسارہ کم کرنے کا وعدہ کیا ہے، کراچی میں ریلوے کی پراپرٹی بیچنے میں کامیاب ہوئے تو خسارہ اس سال ہی ختم ہو جائے گا۔