افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نامعلوم افرادنے سڑک کنارے سوئے ہوئے9 افراد کوگولیاں مارکرقتل کردیا۔ پولیس کے مطابق یہ تمام افراد نشے کے عادی تھے اور نشے کی لت میں بے گھر ہوچکے تھے۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ افیون پیدا کرنے والے ملک افغانستان میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جس میں نامعلوم افراد نے نشہ کی لت میں مبتلا ان9 افراد کو قتل کردیاہے جو رات گئے سڑک کنارے سو رہے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ ہفتہ اوراتوارکی شب قروغ پہاڑ کے قریب پیش آیاجبکہ حملہ آوروں کا ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کون تھے اس حوالے سے تحقیقات ابھی جاری ہیں۔پولیس کے مطابق یہ تمام افراد کھلے آسمان تلے سوئے ہوئے تھے جبکہ ان کے فرانزک ٹیسٹ کروانے کے بعد پتہ چلا ہے کہ وہ تمام افراد نشہ کی عادی تھے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان بھرمیں پچیس لاکھ افراد نشہ کی لت میںمبتلا ہوکر اپنی زندگیاں تباہ کرچکے ہیں جن میں سے زیادہ تر ہیروئن کی وجہ سے برباد ہوچکے ہیں۔حکام کے مطابق صرف کابل میں منشیات کے عادی بیس ہزار افراد منشیات استعمال کرتے ہیں اور بے گھر ہیں۔
محکمہ انسدادمنشیات کے مطابق حکومت ایک سال میں عموما چالیس ہزار لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کررہی ہے تاہم اس حوالے سے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
ترجمان محکمہ انسداد منشیات ڈاکٹر شکور حیدری کے مطابق نشے کی لت میں مبتلا ہونے کی بڑی وجہ غربت اور بے روزگاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال شدید سردی کی وجہ سے بھی پچاس سے زیادہ بے گھرافراد اور نشے کی لت میں مبتلا افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔