ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر2020 میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نومبرمیں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون اجلاس کے بعد استعفی دے دوں گا اوریہ فیصلہ عوامی انصاف پارٹی کے چیئرمین انورابراہیم سے مشورہ کرنے کے بعد کیا ہے۔
مہاتیر محمد نے کہا کہ عہدہ ترک کرنے کا میرا یہ فیصلہ پرانا ہے جس کا ماضی میں تذکرہ کر چکا ہوں ،مخلوط حکومت میں شامل سیاسی جماعتیں اپنے تیئں جو بھی فیصلہ کریں مگرمیں اپیک اجلاس کے بعد ہی مستعفی ہوں گا۔
ملائیشیا کی پاکاتان ہراپان جماعت 2018 کو برسراقتدارآئی تھی اوراس وقت اتحادیوں میں طے پایا تھا کہ مہاتیر محمد وزیراعظم کا عہدہ72 سالہ انوارابراہیم کو سونپیں گے تاہم تاریخ اور مدت کا تعین نہیں کیا گیا تھا۔
مہاتیر محمد 9 مئی 2018 میں اقتدارپرفائز ہوئے تھے اورانہوں نے کہا تھا وہ 2 سال بعد اپنا عہدہ ترک کردیں گے۔
پاکاتان ہراپان کی صدارتی کونسل کا اجلاس جمعہ 21 فروری 2020 کو ہوگا جس مہاتیرمحمد کے عہدے کی منتقلی کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
ایک سوال کے جواب میں مہاتیر نے کہا کہ حکمران اتحاد کی صدارتی کونسل جو بھی فیصلہ کرے وہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون اجلاس کے بعد ہی مستعفی ہوں گے۔
خیال رہے کہ ملائیشیا کے گزشتہ عام انتخابات میں مہاتیرمحمد اوران کے اتحادیوں نے برسراقتدارپارٹی کو60 سال بعد شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔
ملائشین الیکشن کمیشن کے مطابق جیت کے لیے 112 نشستیں درکار تھیں جب کہ مہاتیرمحمد اوراتحادی جماعتیں 115نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
مہاتیرمحمد ماضی میں باریسن نیشنل جماعت کی جانب سے تین بار وزیراعظم منتخب ہوئے تھے تاہم گزشتہ انتخابات میں انہوں نے اپنی سابقہ جماعت کے خلاف انتخاب لڑا تھا۔ ملائیشیا کے موجودہ وزیراعظم 94 سالہ مہاتیر محمد دنیا کے معمر ترین حکمران ہیں۔