امن مذاکرات کا آغاز ایک بہت ہی تاریخی اقدام ہے۔فائل فوٹو
امن مذاکرات کا آغاز ایک بہت ہی تاریخی اقدام ہے۔فائل فوٹو

عبداللہ عبداللہ کا نتائج ماننے سےانکار۔الگ حکومت بنانے کا اعلان

افغانستان کے صدارتی انتخابات کے سرکاری نتائج کا 5 ماہ بعد اعلان کردیا گیا جس میں موجودہ صدر اشرف غنی ہی فاتح قرارپائے ہیں۔

افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن (آئی ای سی) کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق گزشتہ برس 28 ستمبر کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں اشرف غنی نے 50 اعشاریہ 64 فیصد ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مخالف امیدوار عبداللہ عبداللہ کو 39 اعشاریہ 52 فیصد ووٹ ملے۔

دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار عبداللہ عبداللہ نے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اشرف غنی کے متوازی اپنی حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم، شفاف اور بائیو میٹرک سسٹم کے تحت جیتی اورہم اپنی فتح کا اعلان کرتے ہیں۔

عبداللہ عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ فراڈ کرنے والوں کی تاریخ ہی شرمندگی کا باعث ہے لہذا ہم کابل میں اپنی علیحدہ حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس 28 ستمبر کو ہونے والے افغان صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان 19 اکتوبر کو ہونا تھا لیکن آزاد الیکشن کمیشن کی جانب سے تیکنیکی خرابی، فراڈ کے الزامات اور احتجاج کے باعث نتائج کا اعلان باربارملتوی ہوتا رہا۔