ٹرمپ کی اس ٹوئٹ کو صرف 18 منٹ میں ایک لاکھ سے زائد لائکس ملے
ٹرمپ کی اس ٹوئٹ کو صرف 18 منٹ میں ایک لاکھ سے زائد لائکس ملے

ٹرمپ کی پاکستان کی تعریف پربھارتی مجمعے کو سانپ سونگھ گیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آبادمیں وزیر اعظم مودی اور ہزاروں بھارتی شہریوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب کے دوران پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کوششوں کی تعریف جس پر بھارتی مجمعے کو سانپ سونگھ گیا۔

بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق موئترا اسٹیڈیم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکااور پاکستان مل کر دہشت گردتنظیموں اورسرحدی علاقوں میں موجود عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں اورامریکا پاکستان کے ساتھ انتہائی مثبت انداز میں کام کررہا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں جن میں ترقی ہو رہی ہے، ان کوششوں کی بدولت پاکستان کے ساتھ پیش رفت کے اشارے نظرآنے شروع ہوگئے ہیں، ہم جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم ہونے، استحکام میں اضافے اور مستقبل میں ہم آہنگی کے لئے پر امید ہیں۔

نمستے ٹرمپ کے نام سے خصوصی ریلی سے خطاب کے دوران امریکی صدر روائتی انداز اپناتے ہوئے جہاں بھارتیوں کو محنت کرنے والا قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کی مثال دی اورکہانریندر مودی ایک ”چائے والا“ تھا۔

امریکی صدرکو مقبوضہ کشمیر، شہریت ترمیمی بل ،احتجاجی مظاہرے کچھ بھی نظرنہ آیا اورانہوں نے بھارتی جمہوریت کو ایک معجزہ بھی قراردے دیا۔

3 ارب ڈالر کا دفاعی معاہدہ

امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار موجود ہیں اور بھارت کے ساتھ دفاعی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے ہم اسے دنیا کے خطرناک ترین ہتھیار دیں گے، بھارت کی شاندار میزبانی کو ہمیشہ یاد رکھوں گا، ہمارے دلوں میں بھارتیوں کے لیے خصوصی جگہ ہے۔

دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریرادھوری چھوڑ کرلوگوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم سے نکل گئی۔

سوشل میڈیا پر یہ رائے بھی دی جارہی ہے کہ گجرات خصوصا احمد آبادمیں مسلمانوں کی بڑی تعداد آباد ہے جو یہ توقع رکھ کر وہاں آئی تھی کہ شاید امریکی صدر ٹرمپ بھارت کے مسلم مخالف شہریت ترمیمی بل اورمقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی بات کریں گے تاہم ان کی جانب سے ان اہم موضوعات سے گریزنے لوگوں کو مایوس کیااور وہ چلے گئے۔