سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت میں جمع کروانے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا،جیل کے باہر لیگی کارکنوں نے بھر پوراستقبال کیا اور نعرے بازی کی۔
شاہد خاقان عباسی کے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے راجہ وقار ممتازنے احتساب عدالت میں جمع کروائے جس کے بعد احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے رہائی کیلئے روبکار جاری کردی ۔
احسن اقبال کی رہائی کیلیے ضمانتی مچلکے انجم عقیل نے جمع کروائے اور احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے روبکار جاری کردی ۔
عدالت سے روبکار جاری ہونے کے بعد دونوں لیگی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا کردیا گیا۔
یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے گزشتہ روز شاہد خاقان عباسی اوراحسن اقبال کی ضمانت منظورکی تھی اورانہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔