عالیہ ریاض نے33 گیندوں پر41 رنزکے ساتھ نمایاں رہیں۔فائل فوٹو
عالیہ ریاض نے33 گیندوں پر41 رنزکے ساتھ نمایاں رہیں۔فائل فوٹو

ویمن ٹی 20 ورلڈکپ۔انگلینڈ نے پاکستان کو42 رنز سے زیرکرلیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمن ٹی 20ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے دی۔

کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے جیت کے لیے 159 رنزکا ہدف دیا ، جواب میں پاکستان کی ٹیم 116 رنز پرڈھیر ہوگئی۔

پاکستان ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کو ترجیح دی، ابتدا میں یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اورانگلش اوپنرایمی جونیس صرف 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئیں۔

اس کے بعد ڈینی ویٹ اور نتالی سیور نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 43رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 47 تک پہنچادیا، ڈینی ویٹ16 رنز بناکر نتالی کا ساتھ چھوڑ گئیں۔

نتالی سیور 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں لیکن دوسری جانب کپتان ہیدر نائٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے47 رنز پر 62 رنز کی اننگز کھیلی، فران ولسن 22 رنز بناکر نمایاں رہیں۔

اس طرح انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔

پاکستان کی طر ف سے ایمن انور نے 3، ندا ڈار نے 2، جبکہ ڈایانا بیگ اورعالیہ ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ رہا اور11 رنز کے مجموعی اسکور پر منیبہ علی 10 رنز بناکرآؤٹ ہوگئیں، ٹیم پاکستان کی دوسری آؤٹ ہونے والی بیٹر بسمہ معروف تھیں ، وہ صرف 4 رنز بناسکیں۔

عالیہ ریاض نے انگلش بولرزکا جم کر سامنا کیا اور33 گیندوں پر41 رنزکے ساتھ نمایاں رہیں۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اُس کی آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں اسکور نہیں کرسکیں۔

پاکستان کی پوری ٹیم  19اعشاریہ 4 اوورز میں 116 رنز پرڈھیر ہوگئی اورانگلینڈ نے 42 رنز سے میچ اپنے نام کرلیا۔

پاکستان ویمن ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیزکو باآسانی8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ٹیم پاکستان اپنا اگلا میچ 3 مارچ کو سڈنی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔