پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران ملتان میں ہونے والے 10 ویں میچ میں ملتان سلطانزنے کراچی کنگز کو 52 رنز سے ہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے ملتان میں ہونے والے دوسرے میچ کے دوران کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے شان مسعود الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز معین علی اور وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف نے کیا، دونوں نے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے۔ 5 اوورز میں 31 کے مجموعی سکور پر وکٹ کیپر بیٹسمین 13 گیندوں پر 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ افتخار احمد نے وکٹ حاصل کی۔
دوسرے اینڈ پر موجود انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے معین علی نے شاندار جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 42 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اس اننگز میں 4 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔ باریش بیٹسمین عمید آصف کی گیند پر ڈیلپورٹ کو کیچ دے بیٹھے۔
140 کے مجموعی سکور پر ریلی روسو 8 اسکور بنا کر محمد عامر کا نشانہ بن گئے، بابر اعظم نے کیچ تھاما۔ ون ڈاؤن پر آنے والے شان مسعود نے بھی زبردست اننگز کھیلی اور 42 گیندوں پر 61 سکور باری کھیلی۔ انہوں نے سات چوکے اور ایک چھکا لگایا اور جورڈن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
روی بوپارہ چار گیندوں پر 9 رنز بنا کر کریز چھوڑ گئے، محمد عامر نے وکٹ حاصل کی، عمید آصف نے کیچ پکڑا۔ خوشدل شاہ دس رنز بنا کر جورڈن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 186 رنز بنائے۔ محمد عامر اور کرس جورڈن نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگزکا آغاز کیا، پہلے دو میچوں کی طرح ناکام رہنے والے شرجیل خان اس بار بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور16 رنزپرمعین علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
دوسرے اوپننگ بیٹسمین بابر اعظم بھی جلدی واپس لوٹ گئے، انہوں نے 12 گیندوں پر 13 رنز کی باری کھیلی۔ محمد عرفان کی گیند پر محمد الیاس نے شاندار کیچ تھاما۔ الیکس ہیلز جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 21 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین چلے گئے، شاہد آفریدی نے وکٹ حاصل کی۔
کولن منرو کو عمران طاہر نے وکٹ چھوڑنے پر مجبور کیا، انہوں نے 8 سکور بنائے معین علی نے مشکل کیچ پکڑا۔ شاہد آفریدی نے عماد وسیم کی اننگز کا خاتمہ کیا، کپتان نے 5 رنز بنائے، وکٹ کیپر ذیشان اشرف نے کیچ پکڑا۔
دیگر بیٹسمینوں میں والٹن 15، جورڈن 7، افتخاراحمد 14، عمید آصف 20 رنزبنا کر پویلین لوٹے۔ کراچی کنگز کی ٹیم 134 رنز پرڈھیر ہوگئی۔عمران طاہر نے تین، آفریدی اور سہیل تنویرنے 2.2 جبکہ معین علی، محمد الیاس اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔