وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کا وقت آن پہنچا ہے، حکومت شریف برادران کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھے گی۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نوازشریف نے اپنے علاج سے متعلق کوئی رپورٹ پنجاب حکومت کو جمع نہیں کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے متعلقہ محکمے ڈی پورٹ کرنے سے متعلق لیٹر لکھیں گے، نواز شریف کو واپس لانے کے لیےحکومت پاکستان لائحہ عمل واضح کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم کی کاوشیں رنگ لارہی ہیں، حکومتی اقدامات سے اشیائے صرف کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے، آنے والے دنوں میں روزمرہ اشیا ءکی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔
معاون خصوصی نے افغان امن معاہدے کو وزيراعظم عمران خان کے موقف کی تائید قرار دیا ہے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مافیا کے لیے پیغام ہے، وزیراعظم عوام کی ریلیف کے لیے ہرلمحہ تیار ہیں۔