سندھ حکومت نے صوبے میں کرونا وائرس کے دو کیسز سامنے آنے بعد صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے فیصلے میں 13مارچ تک توسیع کردی۔
وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے ٹویٹر میں اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو 13 مارچ 2020 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ کے تمام سرکاری اورنجی اسکول 13 مارچ تک بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت نے 26 فروری کو کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد 27 فروری اور 28 فروری کو تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے ٹویٹ کے ذریعے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب سے بلوچستان حکومت نے 15 مارچ تک تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بلوچستان کے صوبائی وزیرتعلیم سردار یار محمد رند نے کرونا وائرس کے پیش نظر صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کردیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے حفاظتی اقدام اور بچوں کے تحفظ کے لیے صوبے کے تمام سرکاری اسکول،کلجز، مدارس اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔