شمالی کوریا نے میزائلوں کا کامیاب تجربہ جاپان کے ساحل کے نزدیک کیا۔فائل فوٹو
شمالی کوریا نے میزائلوں کا کامیاب تجربہ جاپان کے ساحل کے نزدیک کیا۔فائل فوٹو

شمالی کوريا نے امریکی دباؤ کو روند دیا

شمالی کوريا نے سلامتی کونسل کی پابندی اورامریکی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنی تجربہ گاہ سے کھلے سمندر میں 2 خطرناک اورجدید بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوريا نے جوہری اور جنگی ہتھیاروں کی تیاری پر پابندی کے باوجود کھلے سمندر ميں 2 بيلسٹک ميزائل داغے جو 240 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد کامیابی سے اپنے اہداف کو پہنچ گئے۔ یہ میزائل درمیانی فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

شمالی کوریا نے میزائلوں کا کامیاب تجربہ جاپان کے ساحل کے نزدیک کیا تاہم جاپانی وزارت دفاع نے شمالی کوریا کے ساحل کے نزدیک میزائل ٹیسٹ کی تصديق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ميزائل جاپان کی حدود ميں نہیں گرے۔ادھر جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے پرتحفظات کا اظہارکیا ہے۔

شمالی کوریا اورامریکا کے درمیان جوہری ہتھیاروں کو تلف کرنے اور جنگی ہتھیار تیار کرنے پر پابندی کے معاہدے میں تعطل پیدا ہونے کے بعد سے شمالی کوریا نے معاہدے کی پاسداری کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے میزائل تجربے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی شمالی کوریا پر بيلسٹک ميزائل کے تجربات پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم کم جونگ ان کسی قسم کی پابندی کو تسلیم کرتے نظر نہیں آرہے۔امریکا اور سلامتی کونسل کا تازہ تجربے سے متعلق تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔