آصف علی زرداری کے خلاف 8 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائرکیا گیا ہے۔فائل فوٹو
آصف علی زرداری کے خلاف 8 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائرکیا گیا ہے۔فائل فوٹو

پارک لین ریفرنس۔آصف زرداری پر25 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائے گی

پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست منظورکرلی گئی، احتساب عدالت 25 مارچ کو ملزمان پرفرد جرم عائد کرے گی۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے پارک لین ریفرنس پر سماعت کی، فریال تالپورعدالت میں پیش ہوئیں جبکہ آصف زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ آصف زرداری بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

سماعت کے دوران احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ مرکزی ملزم کا کیا بنا جس پر پراسیکیوٹر نیب کا کہنا تھا کہ 2 ملین کے اخراجات کی درخواست موصول ہوئی ہے، ملزم گرفتار ہے، ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی جائے، ویڈیو لنک کے لیے جیل حکام سمیت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں۔

جج اعظم خان نے کہا کہ اس حوالے سے تحریری درخواست دے دیں۔ سماعت کے دوران سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ویڈیو لنک پر بیان اتنا آسان نہیں، حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کو لکھا جائے گا، میمو کیس میں بھی ملزم کا بیان ویڈیو لنک پرلیا گیا، جنرل مشرف نے بھی بیان ویڈیو لنک پردیا تھا، یہاں سے کوئی نہیں گیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کہا کہ اس کو لیگل کور کیسے دیں گے، کیا ویڈیو لنک پربیان کیلیے عدالت اپنا نمائندہ بھجوائے گی جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ جی رجسٹرارعدالت کو بھجوایا جا سکتا یے۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ پلی بارگین کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، مختلف کیسز میں واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کرلیا گیا ہے۔

عدالت نے پارک لین ریفرینس میں ملزمان پرفرد جرم عائد کرنے کیلیے 25 مارچ کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔