ڈیرن سیمی کو پشاورزلمی کے ہیڈ کوچ مقررکرلیا گیااوروہاب ریاض آئندہ میچزکے لیے ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے بطور کپتان مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے لیے ہمیشہ اچھا کھیلنے کی کوشش کی، کھلاڑیوں سے بھی کہا ہمیشہ ٹیم کے لیے اچھا کھیلیں،آخری دو سال کھیل کے دوران ان فٹ بھی ہوا، چاہتا ہوں اب کچھ الگ کردارادا کروں، اب ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کوآگے آتا دیکھنا چاہتا ہوں۔
دوسری جانب محمد اکرم ڈائریکٹر کرکٹ اور باؤلنگ کوچ کے طورپرکام کریں گے۔ اس موقع پر محمد اکرم نے کہا کہ سیمی نے ہیڈ کوچ کا چارج آج سے ہی سنبھال لیا ہے، ڈیرن سیمی کو نئی ذمے داری پر مبارکباد دیتے ہیں، ڈیرن سیمی ہیڈ کوچ کم پلیئرکے طورپرکام کریں گے، سیمی کے ساتھ پاکستانی محبت کرتے ہیں، سیمی کی بطورکپتان خدمات شاندار ہیں، ڈیرن سیمی کے ساتھ بہترین وقت گزر رہا ہے، اب انہیں ڈیرن زلمی کہنا چاہیے۔