طالبان نے سفارتی عمارتوں کو نشانہ نہ بنانے کی ضمانت دی ہے۔فائل فوٹو
طالبان نے سفارتی عمارتوں کو نشانہ نہ بنانے کی ضمانت دی ہے۔فائل فوٹو

ہرات میں طالبان کے حملے میں7 افراد ہلاک

افغانستان کے صوبے ہرات میں طالبان کے حملے میں 7 افراد ہلاک اور17 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان کی جانب سے ہرات کے علاقے خواجہ نور محمد میں میزائل حملہ کیا گیا۔افغان حکام کے مطابق مرنے والوں میں ایک افغان پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

ادھر افغان طالبان کی جانب سے ہرات میں ہونے والے حملے میں 3 مقامی عسکریت پسند کمانڈروں کے ہلاک اور5 کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے گذشتہ روزافغانستان میں عوامی اجتماع پر ہونے والے داعش کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان عوام دہشت گردی سے پاک مستقبل کے مستحق ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز کابل میں ہونے والے ایک اجتماع میں فائرنگ سے 32 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

 یہ تقریب افغان سیاسی جماعت حزب وحدت کے ایک رہنما کی برسی کے موقع پر رکھی گئی تھی جس میں  افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ بھی شریک تھے تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں قطر میں افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا انخلا آئندہ 14 ماہ کے دوران ہوگا۔

معاہدے کے تحت 5 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کےبدلے طالبان کو ایک ہزار قیدی رہا کرنے ہیں لیکن افغان صدر کی جانب سے طالبان قیدیوں کی رہائی سے انکارکے بعد طالبان نے انٹراافغان مذاکرات سے انکار کردیا ہے جوامریکا طالبان معاہدے کا ہی حصہ ہے۔