ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پرلاہور قلندرزکے فاسٹ بولردلبر حسین اور پشاور زلمی کے تمام کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دلبر حسین کو ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولرنے پشاور زلمی کے حیدرعلی کو آؤٹ کرنے کے بعد ایسے ردعمل کا اظہارکیا جو بیٹسمین کو اشتعال دلا سکتا تھا۔
دوسری جانب سلو اوورریٹ کے باعث پشاور زلمی پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
پشاور زلمی کیخلاف کاروائی ضابطہ اخلاق برائے کھلاڑی اوراسپورٹ اسٹاف کی شق 2.22 کے تحت کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر پشاور زلمی کی ٹیم ایونٹ میں دوسری مرتبہ سلو اوور ریٹ کے جرم کی مرتکب پائی جاتی ہے تو پلیئنگ الیون میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
آن فیلڈ امپائرزعلیم ڈار اور مائیکل گف، تھرڈ امپائر آصف یعقوب اورفورتھ امپائر ناصر حسین نے دلبر حسین اور پشاور زلمی کی ٹیم پر چارجز لگانے کی درخواست کی تھی۔