عراق میں فوجی اڈے پر حملہ۔2 امریکی،ایک برطانوی فوجی ہلاک،12 زخمی

حملہ بغداد کے شمال میں واقع تاجی ملٹری کیمپ پرکیا گیا،18 راکٹ برسائے گئے۔

               
March 12, 2020 · اہم خبریں, بام دنیا
زخمی میں ہونے والوں میں اتحادی افواج کے 3 اہلکار اور 2 عراقی فوجی شامل ہیں۔فائل فوٹو

زخمی میں ہونے والوں میں اتحادی افواج کے 3 اہلکار اور 2 عراقی فوجی شامل ہیں۔فائل فوٹو

عراق میں غیرملکی فوج کے اڈے پرراکٹوں سے حملہ کردیاگیا ہے جس کی زد میں آکر2 امریکی اورایک برطانوی فوجی ہلاک جبکہ12 زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق حملہ بغداد کے شمال میں واقع تاجی ملٹری کیمپ پرکیا گیا اور اس دوران فوجی اڈے پر18 راکٹ برسائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق نام ظاہرنہ کرنے پراعلیٰ امریکی عہدیدارنے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

حملے کی ذمے داری کے حوالے سے کیے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی کسی کو اس کا ذمہ دار قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔اگر حملے میں ایرانی حمایت یافتہ گروپ ملوث نکلا تو صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیونے برطانوی ہم منصب ڈومنیک راب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور اس دوران دونوں رہنماوں نے اس بات پراتفاق کیا ہے کہ حملے کے ذمے داران کو کڑی سزادی جائے گی۔

یاد رہے کہ جنوری میں ایران کے اعلیٰ کمانڈرجنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد اب یہ پہلا حملہ ہے ۔

امریکی فوج کے مطابق حملے میں 107ایم ایم کٹیوشا راکٹس استعمال کیے گئے اوربظاہر یہ محسوس ہوتا ہے کہ حملوں کیلیے کسی ٹرک کو استعمال کیاگیا۔