کرونا وائرس کے باعث ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای جشن نوروزپر10 ہزار قیدیوں کو معافی کا اعلان کریں گے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کے روزایران کے نئے سال کے آغازنوروز پر10 ہزار قیدیوں کے لیے معافی کا اعلان کیا جائے گا جب کہ ان میں سیاسی قیدی بھی شامل ہوں گے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق معافی پانے والے قیدیوں کو واپس جیل منتقل نہیں کیا جائے گا جبکہ معافی پانے والوں میں تقریباً آدھے سیکیورٹی قیدی بھی شامل ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے منگل کے روز کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں 85 ہزارقیدیوں کو عارضی رہائی دی جن میں سیاسی قیدی بھی شامل تھے۔
تاہم ایران کے سپریم لیڈر کی جانب سے معافی کے اعلان کے بعد بڑی تعداد میں ایسے قیدیوں کو بھی واپس جیل منتقل نہیں کیا جائے گا جنہیں کرونا کے باعث عارضی رہائی دی گئی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کا بتانا ہےکہ ایرانی حکومت کے اس اقدام میں غیر معمولی کام ایسے سیکیورٹی قیدیوں کی رہائی کا اعلان ہے جن کی سزا 5 سال سے کم ہے۔
ایرانی حکام نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک لاکھ 89 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں اوران میں سے سیکڑوں قیدی ایسے ہیں جنہیں ملک میں حالیہ حکومت مخالف مظاہروں کے دوران پکڑا گیا تھا۔