کرونا وائرس نے دنیا کو ختم کرنے کا تہیہ کر لیا ،دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 30 ہزار 880 ہو گئی۔ امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ چوبیس ہزار سے بڑھ گئی۔ امریکی صدر نے نیویارک کو قرنطینہ میں بدلنے سے انکار کر دیا، کینیڈا کی خاتون اول صحت یاب ہو گئیں۔
دنیا میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکا پہلے نمبر پرآ گیا، کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ، 24 ہزار سے تجاوزکرگئی، مزید 6 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 2227 ہو گئی۔
امریکی صدر نے نیویارک کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کی تجویز مسترد کردی، صدر ٹرمپ کا کہنا تھا یہ فیصلہ وائٹ ہائوس کے کرونا ٹاسک فورس کی تجویز پر کیا، نیو یارک میں 52 ہزار سے زائد کیسز موجود ہیں جو امریکا بھر میں مریضوں کی آدھی تعداد کے برابر ہیں۔
اٹلی کے بعد اسپین اور فرانس کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے، اٹلی میں دس ہزار23 افراد مہلک وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسپین میں 5 ہزار 9 سو 82 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، چین میں مزید 5 افراد کی ہلاکت کے بعد تعداد 3 ہزار 3 سو ہو گئی۔فرانس میں ہلاکتیں 2 ہزار 314 ہو گئیں، ایران میں مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 5 سو 17 ہو گئی۔
برطانیہ میں ایک ہزار 19 افراد جان سے گئے، نیدر لینڈ میں 639 اور بیلجیم میں 353 افراد مارے گئے۔ کینیڈا کی خاتون اوّل صحت یاب ہو گئیں، اس بات کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پرایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔