فلپائن کے صدر نے کرونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی مارنے کا حکم دے دیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے صدر روڈ ریگو دوترتےکی جانب سے یہ وارننگ غذائی قلت کی وجہ سے ہونے والے احتجاج کے بعد جاری کی گئی۔
ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں صدر نے خبردار کیا اگر کسی شہری نے کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کے دوران گڑ بڑ پیدا کرنے کی کوشش کی تو وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گولی مارنے کا حکم دیں گے۔
صدر نے کہا کہ اسے تمام لوگ وارننگ کے طور پر لیں، اس وقت حکومتی قوانین کی پاسداری کریں کیونکہ یہ ایک مشکل وقت ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ڈاکٹرزاور ہیلتھ ورکرز کو نقصان نہ پہنچائیں کیونکہ یہ ایک سنگین جرم ہے۔
فلپائنی صدر نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور فوج کو میرے احکامات ہیں کہ کوئی بھی اس وقت پریشانی پیدا کرے جس سے ان کی زندگی کو خطرہ ہو تو اسے گولی ماردیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مت دھمکائیں اور چیلنج نہ کریں، اس سے آپ نقصان اٹھائیں گے۔
فلپائنی وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 2633 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ107 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب احتجاج کی قیادت کرنے والی خاتون کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے غذا کی قلت ہے جس کی وجہ سے وہ احتجاج پر مجبور ہوئے۔