خطرناک وائرس نے امریکا کو جکڑ رکھا ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار سے زائد اور3 لاکھ سے زائد شہری متاثر ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آنے والے دو ہفتے مزید ہلاکت خیز ہوں گے، معروف مفکر نوم چومسکی نے بروقت اقدامات نہ کرنے پر صدر ٹرمپ کو سماج سے نفرت کرنے والا مسخرہ قرار دے دیا۔
نیو جرسی میں ہلاکتیں 9 سو کے قریب پہنچ گئیں، مریضوں کی تعداد 34 ہزار سے بڑھ گئی، مشی گن مہلک وائرس سے متاثر ہو نے والی تیسری بڑی ریاست ہے، مرنے والے 5 سو زائد ہیں اور 14 ہزار سے زائد مریض ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں اضافی ایک ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسی جنگ لڑ رہے ہیں جس کی تربیت کسی کو نہیں دی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا ٹاسک فورس کے ہمراہ معمول کی پریس کانفرنس میں کہا کہ اگلے 2 ہفتے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں سب سے مشکل ہوں گے، اس دوران اموات میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا کی روک تھام کے سلسلے میں انتظامیہ کی مدد کے لیے مزید ایک ہزار فوجی نیویارک میں تعینات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ریاستوں کی مدد کے لیے بھی ہزاروں فوجی جوان تعینات کریں گے، کرونا کے خاتمے اور ملک کو پھر سے کھولنے کے لیے وسائل کا ہر ممکن استعمال کریں گے، حکومت کی طرف سے کچھ وینٹی لیٹرز بھی نیویارک بھیجے جائیں گے، وفاقی ایجنسیوں نے 180 ملین ماسک آرڈر کیے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فوجی اہل کار ایسی لڑائی میں جا رہے ہیں جس کے لیے وہ تربیت یافتہ نہیں، کسی کو بھی اس جنگ کے لیے تربیت نہیں دی گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں ڈاکٹرز، نرسوں اور دیگر طبی عملے، اور فوڈ سپلائی کرنے والوں کا شکر گزار ہوں۔
معروف دانشور نوم چومسکی نے بروقت اقدامات نہ کرنے پر صدر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو سماج سے نفرت کرنے والا مسخرہ قرار دے دیا۔