اٹلی کرونا سے اموات کی تعداد کے حوالے سے سب سے آگے ہے۔فائل فوٹو
اٹلی کرونا سے اموات کی تعداد کے حوالے سے سب سے آگے ہے۔فائل فوٹو

دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتیں66 ہزار سے بڑھ گئیں

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوزکرگئی، وائرس اب تک 66 ہزار743 جانیں لے چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے ہلاکتوں کی تعداد بہت تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے، خدشہ ہے آئندہ ایک ہفتے کے دوران یہ ہلاکتیں 1 لاکھ تک پہنچ جائیں گی۔

کرونا وائرس نے 206 ممالک اورعلاقوں میں اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں، اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ 15 ہزار362 اموات واقع ہو چکی ہیں۔ مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، 4 ہزار کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 21 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اسپین میں بھی اموات کی تعداد نہایت تیزی سے بڑھتی جا رہی ہیں، اب تک 12 ہزار418 افراد کرونا وائرس کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسپین میں وائرس کے نئے کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر امریکا کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ اس وقت اسپین دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 1 لاکھ 30 ہزار ہو چکی ہے۔ 34 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں لیکن ساڑھے 6 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

امریکا میں مسلسل چوتھے روز کرونا ایک ہزار سے زائد جانیں لے گیا، امریکا میں اموات کی تعداد 8 ہزار454 ہو گئی ہے، اموات کی تعداد کی لحاظ سے امریکا دنیا کا تیسرا ملک ہے، تاہم وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد کے لحاظ سے تاحال پہلا ملک ہے جہاں 3 لاکھ 11 ہزار سے بھی تعداد تجاوز کر چکی ہے۔ اب بھی امریکا میں 8 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ نیویارک میں 24 گھنٹے میں ریکارڈ 630 افراد ہلاک ہوئے، جہاں اموات کی تعداد 3 ہزار 560 ہو گئی ہے۔

برطانیہ میں ایک دن میں 700 افراد ہلاک ہونے کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 313 ہو گئی ہے، برطانیہ میں کرونا وائرس سے 41 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران میں 55 ہزارافراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 3452 اموات ہو چکی ہیں، بھارت میں متاثرین کی تعداد ساڑھے 3 ہزار ہوگئی، سعودی عرب میں 2370 افراد متاثر ہو چکے جب کہ اموات کی تعداد 29 ہو گئی۔