لاہورکیمپ جیل انتظامیہ کی لاپرواہی سے کرونا تیزی سے پھیلنے لگا، مزید26 کیس سامنے آ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کیمپ جیل لاہورمیں انتظامیہ کی لاپرواہی سے کرونا نے تیزی سے پنجے گاڑھنے شروع کر دیے،مزید26 قیدیوں میں کرونا وائرس کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد مریضوں کی کل تعداد29 ہو گئی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ دس روز میں کیمپ جیل لاہور میں کرونا کیسز کی تعداد میں یہ سب سے زیادہ اضافہ ہے جس کے باعث قیدیوں میں خوف کی لہر دوڑگئی ہے۔
واضع رہے کہ لاہورکی کیمپ جیل میں اٹلی پلٹ قیدی میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس سے وائرس دوسرے قیدیوں میں منتقل ہوا۔
منشیات کیس کا ملزم عابد گزشتہ ماہ ہی اٹلی سے واپس آیا تھا جسے رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں جیل منتقل کیا گیا تھا،ملزم نے بخارکی شکایت کی تھی جس پراس کا احتیاطی تدابیراختیار کرتے ہوئے کرونا کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آ یا۔
جیل حکام کا مزید کہنا تھا کہ منشیات کے قیدی عابد نے18 مارچ کو بخارکی شکایت کی تھی،جیل حکام 21 مارچ کو قیدی عابد کا ٹیسٹ کروا کرجیل ہسپتال میں رکھا گیا تھا، گزشتہ رات قیدی عابد کے ٹیسٹ رپورٹ میں کرونا کی تصدیق ہوئی۔
جیل حکام کا کہنا تھا کہ کرونا کے شکار قیدی عابد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، قیدی عابد گزشتہ ماہ اٹلی سے واپس آیا اور منشیات کیس میں پکڑا گیا تھا۔
یاد رہے ملک بھر میں کرونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2897 ہوگئی جبکہ 45 افراد اس موذی مرض سے جاں بحق اور170 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اعداد و شمارکے مطابق پنجاب میں 1163، سندھ میں 881، خیبر پختونخوا میں 372 ، بلوچستان میں 185، اسلام آباد 78، آزاد کشمیر 12 اور گلگت بلتستان میں 206 کرونا کے مریض ہیں۔