دنیا کے 209 ممالک میں کرونا وائرس اپنے پنجے گاڑھ چکا ہے،اعدادو شمارکے مطابق اس مہلک وائرس سے اب تک 76758 افراد جاں بحق ہوچکے جبکہ13 لاکھ 60 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔
امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارہ سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے اورکرونا کیسز کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوزکرگئی ہے۔امریکہ میں مجموعی طورپر11 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
برطانیہ میں کرونا سے مزید 439 افراد جاں بحق ہوگئے اور مجموعی ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار تین سو سے تجاوزکرگئی ہے۔51 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اٹلی میں24 گھنٹوں کے دوران مزید چھ سو چھتیس افراد چل بسے اورمرنے والوں کی مجموعی تعداد ساڑھے سولہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ایک لاکھ بتیس ہزار سے زائد افراد مہلک وائرس سے متاثر ہیں۔
اسپین میں ایک روز میں مزید سات سوسے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور مجموعی ہلاکتیں تیرہ ہزار سے تجاوزکرگئی ہیں۔ اسپین میں ایک لاکھ پینتیس ہزار سے زائد افراد کروناوائرس سے متاثر ہیں۔
فرانس میں مزید آٹھ سو تینتیس افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوگئے اور مجموعی طورپر8,911 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
سعودی عرب میں کرونا سے مزید چارافراد ہلاک ہوگئے ہیں اورمرنے والوں کی تعداد 38 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد دو ہزارچھ سو سے تجاوزکرگئی ہے۔
کرونا وائرس سے بچائو کے لیے ریاض سمیت سعودی عرب کے دیگرشہروں میں کرفیوکا دورانیہ24
گھنٹوں تک بڑھادیا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے پردس ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
دنیا بھر میں 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد کرونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ چین میں سب سے زیادہ 77 ہزارافراد صحت یاب ہوئے جبکہ اسپین میں چالیس اورجرمنی میں 28ہزار سے زائد افراد کو صحت یاب ہونے پرمختلف اسپتالوں سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔