ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 8 ہزار813،سب سے زیادہ سندھ میں ہیں
ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 8 ہزار813،سب سے زیادہ سندھ میں ہیں

پاکستان میں کرونا سے اموات 64 ہوگئیں

ملک بھر میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسزکی تعداد 4 ہزار437 تک پہنچ گئی جبکہ مزید 3افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 64 ہوگئی۔

ملک بھر میں اب تک کرونا سے سندھ میں سب سے زیادہ 21 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں 20 اور پنجاب میں 17 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج بروز جمعرات ملک میں اب تک کرونا وائرس کے مزید 230 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جو خیبرپختونخوا اور سندھ سے رپورٹ ہوئی ہیں۔

آج اب تک سندھ میں 92 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب میں 80کیسز، خیبرپختونخوا 33 کیسزاور2 ہلاکتیں، آزاد کشمیر5 کیسز، بلوچستان ایک کیس جب کہ اسلام آباد میں 19 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک 44 ہزار896 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2737 نئے ٹیسٹ کیے گئے، مجموعی طورپر56 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے اور 44 فیصد مقامی طور پر پھیلے، اب تک 572 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 642 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 92 نئے کیسز ظاہر ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1128 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے ایک وفات بھی ہوئی جس سے صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی۔مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں اب تک 349 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں آج کورونا وائرس کے اب تک مزید 33 کیسز اور2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کیسز کی تعداد 560 ہوگئی جب کہ شانگلہ اورکوہاٹ سے تعلق رکھنے والے مریض کرونا سے انتقال کرگئے جس کے بعد کے پی میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ کورونا کے سب سے زیادہ 108 کیسز پشاور میں رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صوبے میں اب تک 122 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں آج بروز جمعرات کو کرونا کے مزید 58 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2224 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 17 افراد کرونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کیسزکی تصدیق کی جس کے مطابق 58 قیدی، 695 زائرین، 756 عام شہری اور رائے ونڈ قرنطینہ میں کرونا کے 657 مریض ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں اب تک کرونا سے 17 اموات ہوئی ہیں جب کہ 35 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا کے مزید 19 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 102 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں  کرونا کے مزید6 کیس رپورٹ ہوئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان نے کی۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں ایک کیس کے اضافے کے ساتھ کیسز کی مجموعی تعداد 213 ہوگئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ آج کرونا وائرس سے متعلق 95 افراد کی ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوئیں جن میں سے صرف ایک شخص میں کرونا کی تصدیق ہوئی باقی 94 کا نتیجہ منفی آیا۔

واضح رہےکہ صوبے میں کرونا سے اب تک 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور 76 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں آج کرونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی ہے۔

وزیر صحت آزاد کشمیر کے مطابق عباس پور کے علاقے نمجر میں ایک اور پلندری میں 4 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  پلندری میں کرونا کے پہلے مریض کے 2 گھروالوں اور 2 دوستوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بدھ کو صرف ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 213 تک جا پہنچی ہے۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 96مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔