مودی سرکاری میں بھارت کے گلی کوچوں میں بڑھتی مسلم دشمن سوچ ہسپتالوں میں بھی پہنچ چکی ہے اوراس کا حالیہ مظاہرہ اس وقت سامنے آیا جب احمد آباد میں کورونا وائرس کے مسلمان مریضوں کے وارڈز ہندوئوں سے جدا کر دیے گئے۔
بھارت میں کورونا کے نام پر مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو نفرت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔حال ہی میں جب تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد میں کورونا مثبت آیا تھا تو بھارت کے متعصب میڈیا نے آسمان سرپر اٹھاتے ہوئے ملک میں کورونا پھیلنے کی تمام تر ذمے داری مسلمانوں پرعائد کردی تھی۔
بھارتی میڈیا کی جانبداری کے باعث بھارت میں مسلمانوں کے حوالے سے نفرت میں مزید اضافہ ہوا ہے اور متعدد علاقوں میں مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
اب بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ایک سرکاری ہسپتال میں مسلمانوں سے تعصب کا مظاہرہ سامنے آیا ہے جہاں کورونا وائرس کے 40 مسلمان مریضوں کو وبا کے شکار 110 ہندوئوں سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کی طرف سے ایسا کرنے کی ہدایات ملی ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ساڑھے 11 ہزار ہوچکی ہے جب کہ 405 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔