یورپ مستقل کورونا طوفان کے نشانے پر ہے۔عالمی ادارہ صحت
یورپ مستقل کورونا طوفان کے نشانے پر ہے۔عالمی ادارہ صحت

اگلےچند ہفتے یورپی ممالک کے لیے تشویشناک قرار

یورپی ممالک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر گئی، ڈبلیو ایچ او نے اگلے کچھ ہفتے یورپی ممالک کے لیے تشویشناک قرار دے دیے۔

عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر برائے یورپ ہانس کلوگ کا کہنا ہے کہ یورپ مستقل کورونا طوفان کے نشانے پر ہے، دنیا بھر میں کورونا کیسز کی نصف تعداد یورپی ممالک میں ہے۔

کورونا کے خلاف اقدامات میں کمی نہ کرنا ابھی وقت کی اہم ضرورت ہے، پابندیوں میں نرمی سے پہلے کورونا پھیلاؤ کے قابو میں ہونے کو یقینی بنایا جائے۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ یہ وقت مل کر کام کرنے کا ہے تمام ممالک اس وبا کے خلاف مل کر کام کریں، دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات میں سے 65 فیصد ہلاکتیں یورپی ممالک میں ہوئی ہیں، جبکہ یورپی ممالک میں کورونا متاثرین کی تعداد 10 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ مہلک وائرس کورونا سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد جان سے چلے گئے،21 لاکھ  سے زیادہ لوگ بیمار ہیں جبکہ وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 23 ہزار سے زیادہ ہے۔