القاعدہ برصغیر کراچی نیٹ ورک کے 4 کارندے گرفتار
ایس آئی یو سی آئی اے پولیس نے گلستان جوہر میں کارروائی میں کی، اسلحہ اور بارود برآمد ۔
چاروں ملزمان کراچی میں بڑی تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔فائل فوٹو
کراچی پولیس نے القاعدہ برصغیر کراچی نیٹ ورک کے 4 کارندوں کوگرفتارکرنے کا دعوی کیا ہے۔
ایس ایس پی عرفان بہادر نے کہا کہ ایس آئی یو سی آئی اے پولیس نے گلستان جوہر میں کارروائی کرکے کالعدم القاعدہ برصغیرکے 4 دہشت گردوں کو گرفتارکرکے اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی سی آئی اے عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار افراد القاعدہ برصغیر کے اہم کارندے ہیں جن میں محمد عمر ، محمد بلال ، محمد وسیم اور محمد عامر شامل ہیں، ان کے قبضے سے 10 ڈیٹونیٹر، ریموٹ اور ریسیور برائے آئی ڈی ، بونا کارڈ ، 3 ہینڈ گرینڈ اور 2 کلاشنکوف شامل ہیں۔
عرفان بہادر نے کہا کہ چاروں ملزمان کراچی میں بڑی تخریب کاری کرنا چاہتے تھے،انہوں نے سٹی کورٹ ، پولیس ٹریننگ سینٹر ،پاکستان اسٹاک ایکسچینچ اور حساس اداروں کے دفتروں کی ریکی کر رکھی تھی، اور افغانستان سےدہشت گردی کی تربیت بھی حاصل کی ہوئی تھی۔